غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ جمعہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت میں زخمی ہونے والا ایک اور 17 سالہ فلسطینی لڑکا حسن نبیل نوفل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حسن نوفل کو گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوجیوں نے وسطی غزہ میں البریج کے مقام پر ایک ریلی کے دوران گولیاں مارکر زخمی کردیا تھا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق درجنوں فلسطینی نوجوانوں نے منگل کی رات البرج کیمپ کے مشرقی علاقے میں احتجاج کیا اور غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے اپنے عزم پر تاکید کی۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو البریج میں نکالی جانے والی ریلی کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ حسن شلبی اور 17 سالہ حمزہ آشتیوی شہید اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔
گذشتہ چند مہینوں سے غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ پرامن حق واپسی مارچ کر رہے ہیں جس میں بڑی تعداد میں فلسطینی شرکت کرتے ہیں۔ فلسطینیوں کے حق واپسی مارچ کا یہ سلسلہ گذشتہ سال تیس مارچ سے شروع ہوا ہے جو بدستور جاری ہے۔