انڈونیشین اسپیکر نے آتے ہی پہلے اسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کی اور تباہ حال شہر کا دورہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔ غزہ کے دورے اور اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرزوقی علی نے کہا کہ اسرائیل نہ صرف ایک ناجائز اور غیرقانونی ملک ہے بلکہ یہ ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ انہوں نے صہیونی فوج کی جارحیت میں بڑی تعداد میں شہریوں کے شہید ہونے اور تباہی و بربادی پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ مسٹرمرزوق نے حماس کے شہید کمانڈر احمد الجعبری کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور صہیونی جارحیت کے نتیجے میںان کی شہادت کو افسوسناک قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک بے لگام اور کھلا دہشت گرد ملک ہے، جس کے ہاں انسانی اقدار اور عالمی قوانین نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
اس موقع پر فلسطینی ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے انڈونیشیا کے فلسطینیوں کی حمایت میں کردار کو سراہا اور کہا کہ مشکل وقت میں جاکارتا نے ہمیشہ فلسطینی عوام کا ساتھ دیا ہے اور فلسطینی انڈونیشیا کی حکومت اور وہاں کے عوام کی محبت کو فراموش نہیں کرسکتے ہیں۔ مرزوقی علی نے کہا کہ ان کا ملک آئندہ بھی فلسطینیوں کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیری کے لیے اپنی جانب سےخصوصی فنڈز جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔