(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) آج صبح حماس کے عسکری ونگ کی جانب سے صیہونی ریاست کے قبضے سے ارض مقدس کو چھڑانے کیلئے مزاحمتی کارروائیوں میں تیزی کا اعلان کیا گیا ہے۔
مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف برسرپیکار مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتےہوئے قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف اپنے حقوق کیلئے مزاحمتی کارروائیوںمیں تیزی لانے کا اعلان کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کے حقوق ، ارض مقدس پر قبضے کے خلاف ، ہمارے بہادر قیدیوں کی صیہونی زندانوں سے رہائی ، مقبوضہ بیت المقدس اور مبارک مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے اور کامیاب ہوں گے ۔
انھوں نے وائٹ ہاؤس میں امارات اور بحرین کی جانب سے قابض صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے کو شرمناک اور اس اقدام کو غداری سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ چاہے فلسطینی قوم کے ساتھ کوئی بھی نہ ہو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا اللہ اور اس کے رسول ﷺ ہمارے ساتھ ہیں ہم جہاد کو جاری رکھیں گے اور ہم جانتے ہیں کہ فتح آخری ہماری ہی ہوگی ۔