اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں داخل ہوکر خود کار اسلحے سے فائرنگ شروع کردی۔ شہریوں کی زرعی اراضی اور گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔
’’مرکز اطلاعات فلسطین’’ کے نمائندے کے مطابق اسرائیلی فورسز نے خان یونس کی مشرقی کالونی الفخاری پر دھاوا بولا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ غزہ کی سرحد پر صہیونی فوجی ٹاور کے قریب اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد جمع تھی۔ تاہم خوش قسمتی سے اس فائرنگ کی زد میں آکر کوئی فلسطینی زخمی نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران اسرائیلی فوج متعدد بار غزہ کی فضاؤں میں خیالی حملے کر چکی ہے۔ اسرائیلی لڑاکا اور جاسوسی طیارے غزہ کی پٹی کی فضاؤں میں گشت کرتے رہتے ہیں جس کا مقصد غزہ پر بمباری کی تربیت حاصل کرنا ہوتا ہے۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ برس چودہ تا اکیس نومبر آٹھ روز تک غزہ پر خوفناک بمباری کرکے دو سو کے قریب فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا جس کے بعد مصر کی ثالتی میں سیز فائر معاہدہ ہوا، تاہم اس کے بعد سے اب تک اسرائیل متعدد بار اس معاہدے کی خلاف ورزی کرکے غزہ کے مختلف علاقوں پر گولہ باری کر چکا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین