(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطین مرکز برائے اسیران نے ہلال احمر اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں سے اسرائیل جیل میں بھوک ہڑتال جاری رکھنے والے فلسطینی قیدی جعفر عزالدین کی تشویشناک حالت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرکز برائےفلسطین اسیران نے ایک بیان میں انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں سے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی قید میں محبوس فلسطینی قیدی جعفر عزالدین کی خراب صحت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صیہونی انتظامیہ کو انکے علاج کے لیے مجبور کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جعفر جو کہ پہلے ہی متعدد امراض کا شکار تھا دوران قید اسکی حالت مزید نازک ہوگئی اور پھر اسرائیلی جیل انتظامیہ کے ناروا رویئے کے خلاف اس نے بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا جو کہ اب انتیسویں روز میں داخل ہو گئی ہے،مسلسل بھوک ہڑتال کی وجہ سے جعفر کی حالت اب خطرے میں ہے اور اگر اسکو فوری طور پر اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیلی زنداں خانوں میں اسیری کی زندگی گزارنے والے فلسطینی قیدی اسرائیلی جیل حکام کے تذلیل بھرے رویئے سے تنگ آ کر بھوک ہڑتال کا اعلان کر چکے ہیں۔