میڈیا ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں اضافے کے بعد یہ امکان ہے کہ دنیا بھر میں صہیونی ریاست کے خلاف عالمی مظاہروں میں بھی شدت آئے گی اور صہیونی ریاست کے خلاف نفرت میں دنیا میں مزید اضافہ ہو گا۔ فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت میں جمعہ کے روز ہوئے مظاہروں میں صہیونی ریاست سے ہرقسم کی قطع تعلقی کے مطالبات کیے گئے۔
پی آئی سی کے مطابق جمعہ کے روز مصر میں اخوان المسلمون کی جانب سے نصرت غزہ کے عنوان سے تحریر اسکوائر میں ایک ملین لوگوں کو جمع کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر حماس زندہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے صہیونی ریاست کے ساتھ تجارتی، سیاسی، سفارتی اور ثقافتی ہر طرح کے تعلقات ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
لبنان میں حماس کے عسکری کمانڈر احمد الجعبری کی شہادت کے خلاف اور صہیونی ریاستی دہشت گردی روکنے کے لیے بیروت میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے شہید فلسطینی کمانڈر کے تصویری پوسٹر اٹھا رکھے تھے جس پرانہیں پوری مسلم امہ کا ہیرو قرار دیا گیا تھا۔ جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں عین حلوٰ کیمپ میں جمع ہزاروں افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ہرطرح کے روابط ختم کرنےکا اعلان کرے۔
ادھر یمن کے دارالحکومت صنعاء میں بھی جمعہ کے روز ہزاروں افراد نے نصرت فلسطین ریلی کا اہتمام کیا۔ احتجاجی مظاہرے کا اہتمام مقامی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے کیا گیا تھا تاہم اس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یمن کے علاوہ ملائشیا، ترکی، فرانس، اردن، امریکا اور برطانیہ میں بھی فلسطینیوں کے خلاف صہیونی جارحیت کی مذمت میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ان ملکوں میں مظاہرین میں عرب اور مسلمان شہریوں کے علاوہ مقامی باشندوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔