فلسطین کے محصور شہرغزہ کی پٹی پر قابض اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ جمعہ کی شام سے جاری جارحیت اور ریاستی دہشت گردی میں شہداء کی تعداد پندرہ اور زخمیوں کی تیس سے تجاوز کر گئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں مختلف اہداف پر بیس مقامات پر ایف سولہ طیاروں اور ڈرون حملوں سے بمباری کی، جس کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی شہید اور دس زخمی ہوئے۔
فلسطینی میڈیکل وایمرجنسی سروسز کے ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کی شام اسرائیلی فوج نے غزہ کی مصر سے ملحقہ سرحد پر جنگی طیاروں سے گولہ باری۔ طیاروں نے ایک کار کو نشانہ بنایا جس میں متعدد افراد سوار تھے۔ حملے میں مزاحمتی کمیٹیز کے ایک رکن مہدی ابو شاویش شہید اور ان کے دو ساتھی زخمی ہو گئے۔
قبل ازیں غزہ کے مغرب میں صہیونی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں برج المقوسی کے مقام پر دو افراد کو معمولی زخم آئے ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ادھر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیل فوج کے فضائی اور زمینی حملوں میں شہید ہونے والے سات افراد کی نماز جنازہ کے جلوس پر بھی اسرائیلی فوج نے بمباری کی۔ غزہ کے مشرق میں الجبالیا مہاجر کیمپ میں کی گئی اس بمباری میں چار افراد زخمی ہو گئے۔
ہفتے کے روز غزہ کے وسط میں دیرالبلح کے مقام پر اسرائیلی فوج نے ایک کار پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور چار زخمی ہوئے۔ شہید شہری کی شناخت محمد الغمری کے نام سے کی گئی ہے۔ کار بم حملے کے بعد جائے وقوعہ پر اسرائیل کے مزید چار دیگر میزائل حملے بھی ہوئے جس میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
ادھرغزہ کے مشرقی علاقےمیں التفاح کالونی کے ایک گھر پر اسرائیلی فوج کے ڈرون طیاروں نے دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین