فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں پاورڈسٹری بیوشن کمپنی نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ 14 سے 21 نومبرکے دوران غزہ کی پٹی پرجارحیت کے نتیجے میں محکمہ برقیات کو 13 اعشاریہ دو ملین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج کے حملوں کے نتیجے میں شہر میں کئی پاور اسٹیشن بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور شہر کے اطراف اور اندرون شہر میں بجلی تاروں اور ٹرانسفارمز کوناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس کا اندازہ تیرہ اعشاریہ دو ملین ڈالرز لگایا گیا ہے۔غزہ کی پاور کمپنی کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی اور پاور اسٹیشنز کی تعمیرنو اور مرمت کے لیے فوری طورپر کم سے کم تیرہ سے چودہ ملین ڈالرز کی رقم فوری درکار ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کے بعد نصف سے زیادہ علاقوں کی بجلی تاحال معطل ہے اور اس کی بحالی میں ابھی مزید کئی ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔