(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی اوقاف کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ جنوری میں شرپسند صیہونی آباد کاروں نے قابض ریاست کی سرپرستی میں متعدد مرتبہ مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولے ، انتہاپسند یہودی مذہبی پیشواء یہودہ گلک کی سربراہی میں قبلہ اول کی بے حرمتی کرنے والے صیہونیوں کو اسرائیلی پولیس اور فوج کا تحفظ حاصل تھا۔
اسلامی اوقاف فلسطین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ ماہ جنوری میں قابض ریاست اسرائیل کی دائیں بازو کی جماعت کے رکن اور انتہا پسندمذہبی رہنما یہودہ گلک کی سربراہی میں کم سے کم 2 ہزار 5 سو 12شرپسند صیہونی آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ پر متعدد مرتبہ دھاوے بولاے ۔
شرپسندصیہونی آباد کاروں کے قبلہ اول پر بے حرمتی کے واقعات کے دوران صیہونی پولیس اور فوج کی جانب سے مسلمان عبادتگزاروں کو جن میں خواتین بھی شامل تھی ان پر تشدد کے بعد گرفتاریاں کی گئیں جبکہ بعض کو مسجد سے بے دخل کرتے ہوئے چند ہفتوں اور مہینوں تک مسجد میں دوبارہ داخل نا ہونے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ شرپسند صیہونی آبادکاروں کے دھاوے روزانہ کی بنیادپر جاری ہیں جس میں مسجد اقصیٰ میں یہودی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر قبلہ اول کی بے حرمتی اور اسلام مخالف اشتعال انگیز نعرے بازی معمول بن گئی ہے ۔