(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) سماجی رابطوں کی موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنی پر جاسوسی کیلئے موبائل فون ہیک کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک کی ملکیتی کمپنی واٹس ایپ نے اسرائیل کی ایک ٹیکنالوجی فرم این ایس او گروپ پر الزام عائد کیا ہےکہ فرم نے جاسوسی میں حکومت کی مدد کرنے کے لیے دنیا بھر میں اس کے صارفین کے موبائل فون ہیک کیے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فرم نے چار براعظموں میں 1400 صارفین کے موبائل فون ہیک کیے جن میں سفارتکار، سیاسی مخالفین، صحافی اور سینئر حکومتی عہدیداران کو اپنا نشانہ بنایا۔
واٹس ایپ نے سان فرانسسکو کی فیڈرل کورٹ میں مقدمہ دائر کیا جس میں الزام عائد کیا گیا ہےکہ این ایس او اسرائیلی حکومت کے 20 ممالک میں جاسوسی کے عمل میں سہولت کاری کررہی ہے جن میں اب تک میکسیکو، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ممالک کی شناخت ہوئی ہے۔واٹس ایپ کا مزید کہنا ہےکہ سول سوسائٹی کے 100 سے زائد ممبران کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔