(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے نمازیوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائی کےلیے آمد پرانہیں جرمانے کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مسجد میں ایک ساتھ 10 فلسطینیوں کو دیکھا گیا تو ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے مسجد اقصٰی میں نماز ادا کرنے والے نمازیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور اس کے بعد ان کی شناخت پریڈ کے دوران انہیں دھمکی دی گئی کہ اگرانہوں نے مسجد میں داخل ہو کر نماز ادا کرنے کی کوشش کی تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی ، مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی دروازوں اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ اگر مسجد میں ایک ساتھ 10 فلسطینیوں کو دیکھا گیا تو انہیں بھاری جرمانے عاید کیے جائیں گے۔
دوسری جانب مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے فلسطینی نمازیوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی حکام کی طرف سےعاید کردہ پابندیوں کو خاطر میں لائے بغیر محکمہ اوقاف کی طرف سے دی جانےوالی ہدایات پرعمل درآمد کریں اور زیادہ سے تعداد میں مسجد اقصیٰ کے صحن میں جمع ہو کر نماز کی ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔
واضح رہے کہ فلسطینی محکمہ اوقاف اور مذہبی امور کی طرف سے القدس کے فلسطینی باشندوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کرونا کےخطرے کے پیش نظر مسجد اقصیٰ کے صحن میں جمع ہو کرنمازیں ادا کریں۔ اسرائیلی فوج مسجد اقصیٰ کو فلسطینی نمازیوں سے بھی خالی کرنے کی کوشش کررہی ہے۔