(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی محکمہ اوقاف نے کورونا وائرس کےپھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر عوام کیلئے بند کی گئی مسجد اقصیٰ کو اتوار سے دوبارہ کھولنے کا اعلا کردیا ہے۔
فلسطینی اسلامی اوقاف کی طرف سے جاری کردہ اعلان کے مطابق مسجد اقصیٰ کو 31 مئی بہ روز اتوار کھولنے سے قبل مسجد کی صفائی اور ضروری مرمت کا کام جاری ہے جبکہ نمازیوں کے در میان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے نشانات بھی لگائے جا رہےہیں ، مسجداقصیٰ گذشتہ اڑھائی ماہ سے کورونا کی وبا کی وجہ سے عبادت اور نماز کے لیے بند کردی گئی تھی ۔
مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے کہا تھا کہ مسجد اقصیٰ کو اتوار کے روز نماز کے لیے کھولا جا رہا ہےتاہم کھولنے سے قبل اس کی صفائی کاکام جاری ہےجبکہ شہریوں کے کورونا سے بچاؤکے لیے حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔