(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی اوقاف کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں پانچوں نمازوں کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی سختی کے ساتھ تاکید کی ہے۔
مسلمانوں کا قبلہ اول مقبوضہ بیت المقدس میں پچھلے دو ماہ میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث نمازیوں پر لگائی جانے والی پابندیوں کو اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد مقبوضہ فلسطین کے مسلمانوں میں روحانی خوشی کی لہر دوڑ گئ ہے۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ فلسطین کےالقدس اسلامی اوقاف کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیصلہ کیاگیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں مسجد اقصیٰ کو دو ماہ کے لیے بند رکھنے کے بعد آئندہ بروز پیر سے روزانہ کی بنیاد پر نماز کی ادائگی کے لیے کھول دیا جائے گا۔
مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو کھولنے کا فیصلہ اسلامی اوقاف کونسل کے فیصلے کی روشنی میں کیا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ میں پانچوں نمازوں کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم مسجد میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سختی کے ساتھ تاکید کی گئی ہےساتھ ہی وزارت صحت کی طرف سے وضع کردہ حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئ ہے جس کے مطابق مسجد میں آنے سے قبل گھر سے وضو کرنا،چہروں پر ماسک لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی وزارت اوقاف نے مارچ 2020ء کو کورونا کی وباء کی وجہ سے مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی پر پابندی لگا دی گئ تھی۔