(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر نے کہا ہے کہ اگر آئین کی شق 370 ہٹائے جانے سے تمام مسائل حل ہو گئے ہیں تو پھر 9 لاکھ بھارتی فوج یہاں کیا ضرورت ہے؟ وہ یہاں کیا کررہے ہیں؟
مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں انتہاپسند مودی حکومت کو مخاطب ککرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرتے ہیں اور دفعہ 370 کو واپس نہیں لاتے ہیں اس وقت تک جموں و کشمیر ان کے لیے خواب رہے گا، اگر آئین کی شق 370 ہٹائے جانے سے تمام مسائل حل ہو گئے ہیں تو پھر 9 لاکھ بھارتی فوج کشمیر میں کیا کررہی ہے؟
بی جے پی کی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکمران سمجھتے ہیں کہ جب ہم لوگوں کو مختلف طریقوں سے تنگ کریں گے تو یہ آئین کی شق 370 اور مسئلہ کشمیر بھول جائیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ الیکشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ یہ سوچ کر ووٹ ڈالتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا بھی ماننا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے۔