(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے پیش کردہ امن منصوبے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لے رہے ہیں ، مشرق وسطیٰ منصوبے پر اپنے اتحادیوں اسرائیل اور فلسطینیوں کے ساتھ بات کریں گے۔
ماسکو میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروفا نے امریکا کی جانب سے پیش کردہ امن منصوبے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے دوریاستی حل کیلئے فلسطینیوں کی جانب سے امریکی امن تجاویز کو یکسر مسترد کردیا گیا ہے، ماسکو نے امریکی صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کا مطالعہ شروع کردیا ہے، ان کا ملک امریکا کے مزعومہ امن پروگرام پر فلسطینیوں اوراسرائیل کےساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
انھو ں نےبتایا کہ ان کا ملک امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے پیش کردہ امن منصوبے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لے رہا ہے اور اس حوالے فلسطینیوں اور اسرائیل دونوں کا موقف معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مگر تنازع کے حل کے لیے دونوں فریقوں فلسطینیوں اور اسرائیل کا اتفاق رائے ضروری ہے۔زاخاروفا کا کہنا تھا کہ روس امریکا کے مشرق وسطیٰ منصوبے پر اپنے اتحادیوں اسرائیل اور فلسطینیوں کے ساتھ بات کرےگا۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ ، شمالی افریقا، گروپ چار کے دیگر تین فریقین امریکا، یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے بھی اس حوالے سے مشورہ کیا جائے گا۔