(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی حکام نے مسجد اقصیٰ کی خدمت گار خاتون پر مقبوضہ بیت المقدس میں داخل ہونے پر آئندہ چھ ماہ کیلئے پابندی عائد کردی۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی شہر شعفاط کی رہائشی "ام ایمن” کے نام سے پہچانی جانے والی 60 سالہ فاطمہ خضر جوکہ مسجد اقصیٰ کی خدمت گاروں میں شامل ہیں اور آزادی فلسطین کی ایک بے باک کارکن بھی ہیں جو اپنی جذبہ حریت کے باعث ماضی میں کئی مرتبہ صیہونی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں ، گذشتہ روز ایک بار پھر صیہونی فوجی حکام نے فاطمہ خضر کو مسجداقصیٰ کی خدمت سے روکنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ بیت المقدس میں داخلے سے ہی آئندہ چھ ماہ کیلئے روک دیا ہے۔
فاطمہ خضر نے صیہونی حکام کی جانب سے عائد کردہ پابندی پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ، اسرائیلی ریاستی دہشتگردی اور غیر انسانی انتقامی حربے کسی صورت بھی فلسطینیوں کو ان کی جدوجہد سے دور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے ۔