(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج کی بلا جواز گرفتاریوں کے خلاف اہل علاقہ سمیت فلسطینیوں کے خاندان کی جانب سے اسرائیلی فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس پر قابض فوج نے لاٹھی چارج کیا اور متعدد افراد کو تشدد کانشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قابض ریاست میں اسرائیلی فوجی فورسز نے جنین پناہ گزین کیمپ پردھاوا بولا اور گھروں میں داخل ہوکر املاک کو شدید نقصان پہنچایا جبکہ گھروں میں موجود خواتین اور بچوں سمیت افراد کو زدو کوب کیا اور درجنوں بے گناہ فلسطینیوں کو صہیونی غیر قانونی حراست کی پالیسی کے تحت گرفتار کرکے اسرائیلی تفتیشی مراکز منتقل کردیا۔
دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارےمیں نابلس کے شمال مغرب میں واقع سیبستیہ قصبے پر چھاپہ مارا اور متعدد مکانات کی تلاشی کے دوران فلسطینی عوام کے گھروں میں داخل ہوکر املاک کو روائیتی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا جبکہ ایک 18 سالہ نوجوان سمیت تین رہائشیوں کو حراست میں لے لیا۔
قابض فوجی کارروائی کے نتیجے میں ہونے والی گرفتاریوں کے خلاف اہل علاقہ سمیت فلسطینیوں کے خاندان کی جانب سے اسرائیلی فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس دوران قابض فوج نے فلسطینیوں پر لاٹھی چارج کیا اور متعدد افرادکو تشدد کانشانہ بنایا۔