(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض ریاست کے ی وزیر انصاف نے کورونا وائرس کے باعث پھیلنے والی افرا تفری کے نتیجےمیں تمام عدالتی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کے باعث صیہونی وزیراعظم کے خلاف بدعنوانی کیس کی سماعت بھی ملتوی ہوئی ہے ۔
گزشتہ روز اسرائیلی وزیرانصاف امیر اوحانا نے ملک میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر تمام عدالتی سرگرمیاں آئندہ چوبیس گھنٹے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہےجس کے نتیجے میں صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے خلاف منگل کو ہونے والی بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں صیہونی ریاست کے وزیراانصاف نے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ سفارشات پرعمل درآمد کرتے ہوئے تمام عدالتوں کی انتظامیہ اور مشیر قانون کے ساتھ مشورے کے بعد عدالتی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
دوسری جانب صیہونی ریاست میں ٹرانسپرینسی کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے مشیر قانون اور اٹارنی جنرل پرزور دیا کہ وہ وزیر انصاف کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے اپنے اختیارات کا استعمال کریں، تنظیم کا کہنا ہے کہ کسی وزیر کے پاس عدالتی سرگرمیوں کو معطل کرنے کا اختیار نہیں ہے، ایسا اقدام بدعنوانی کےمقدمات کا سامناکرنے والے عبوری وزیراعظم کو ریلیف فراہم کرنے کے مترادف ہے ۔