(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صہیونی فوج نے ربڑ کی گولیوں سے 3 نوجوانوں کو زخمی کردیا، چوتھے کو گرفتار کرلیا جبکہ جھڑپوں کے دوران ہلال احمر کی ایک ایمبولینس کوبھی نقصان پہنچا۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی فوج اور فلسطینی باشندوں کےدرمیان مقبوضہ فلسطینی علاقہ العیسویہ میں پرتشدد جھڑپوں کا آغاز ہوا جس کے نتیجے میں قابض فوج کی جانب سے ربر کی دھاتی گولیوں کا براہ راست استعمال کیا گیا جس کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے تاہم 3 فلسطینی نوجوانوں کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں جبکہ تصادم میں شریک ان کے ایک ساتھی کو صہیونی فوج نے حراست میں لیتے ہوئے فوری طور پرنامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جس کے حوالے سے اب تک کوئی اطلاع موصول نہیں ہو ئی ہے۔
صہیونی فوج اور فلسطینی باشندوں کے اس تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر نے کے لیے موقع پرموجود بین الاقوامی فلاحی تنظیم ہلال احمر کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا اور اس کے شیشے ٹوٹ گئے۔