(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی کار سوار نے اپنی تیز رفتار گاڑی اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 12فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کی رات مقبوضہ بیت المقدس کے وسطی علاقے میں رات تقریبادو بجے کے قریب ایک فلسطین کار سوار نے تیز رفتار کار سے چیک پوسٹ پر موجود اسرائیلی فوجیوں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں 12 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جبکہ ایک بیس سالہ فوجی شدید زخمی ہوا جس کو تشویشناک حالت میں ھداساعین کارم اسپتال منتقل کردیا گیاہے جبکہ دیگر کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔
حملے کے بعد کار سوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے، اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ گزشتہ روزکی سہ پہر کو فوجی ،انٹیلیجنس اور بارڈر پولیس یونٹوں کے مابین مربوط آپریشن کے بعد ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ فلسطینی میڈیا نے مشتبہ شخص کی شناخت صناد الطرمان کے نام سے کی ہے۔