(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ ذہنی معذور اور نہتے فلسطینی باشندے کو گولیاں مارکر شہید کرنا صیہونی فوج کا سنگین جرم اور اسرائیلی ریاست کے جرائم کے تسلسل میں ایک نیا اضافہ ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں دو روز قبل ذہنی معذور فلسطینی نوجوان ایاد الحلاق کو بے دردی سے گولیاں مار کےشہید کردیا گیا شہید کے خون میں ملوث عناصر کو تحفظ دینے اور قاتلوں کو بچانے کے لیے قتل کی واردات کو سند جواز فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، صیہونی حکام نے شہید کے قاتلوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی بلکہ انہیں بری کردیا گیا ہے۔
حازم قاسم کامزید کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اور حماس اياد خيری الحلاق کے قاتلوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی اور اس وحشیانہ واقعے کے ذمہ داروں سے انتقام لینے کے ساتھ قابض اور غاصب ریاست کے خلاف مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔