(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صیہونی فوج نے مزاحمتی کارروائیوں کے الزام میں قید فلسطینی شہری کوالزام ثابت ہوئے بغیر 18 سال قید میں رکھنے کے بعد گذشتہ روز رہا کردیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غزہ کے رہائشی 40 سالہ محمد دیاب جابر کو صیہونی فوج نے 2002 میں مزاحمتی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں اس وقت گرفتار کیا جب وہ غزہ سے بیت حانون گذرگاہ کو استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس جارہا تھا۔
صیہونی فوج نے محمد دیاب جابر کے مقدمے کو فوجی عدالت میں پیش کیا جہاں ان پر الزام ثابت نہ ہونے کے باوجود انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت 18 سال کی قید کی سزا سنائی گئی۔
واضح رہے کہ محمد دیاب جابر نے اس دوران صیہونی مظالم کے خلاف اور اپنے جائز مطالبات کیلئے متعدد مرتبہ بھوک ہڑتال بھی کی تھی ۔