(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی حکام نے فلسطینی سیاسی رہنما کی مدت حراست میں دوسری مرتبہ چار ماہ کی توسیع کردی ہے۔
فلسطینی اسیروں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیاہے کہ صیہونی فوجی عدالت نے فلسطینی سیاسی رہنما اور رکن پارلیمنٹ احمد عطون کی مدت حراست میں دوسری مرتبہ چار ما ہ کی توسیع کردی ہے ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوج نے احمد عطون کو 26 اگست ، 2020 کو بغیر کسی جرم کے انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت گرفتار کیا اور انھیں چار ماہ کیلئے قید کی سزا سنائی ۔
واضح رہے کہ 2006ء میں فلسطین میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد احمد عطون کو اب تک کم سے کم چار مرتبہ حراست میں لیا جا چکا ہے۔ وہ سنہ 2006ء کے انتخابات کے دوران بیت المقدس سے اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے ٹکٹ پر کامیاب ہوکر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے تھے ، صیہونی فوج نے انتقامی کارروائیوں میں انھیں 2010 میں مقبوضہ بیت المقدس میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی جو تاحال جاری ہے ۔