(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) انسانی حقوق کی بین القوامی تنظیم نے انکشاف کیا ہے کہ صیہونی ریاست کے ہاتھوں مقبوضہ فلسطین کے باشندے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔
انسانی حقوق کےلیے کام کرنے والی بین القوامی تنظیم "ایمنسٹی انٹرنیشنل” کے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے لیے علاقائی دفتر کے ڈائریکٹر ہیبا مورائف نے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست کے زیرتسلط بسنے والے فلسطینی ایک غاصب نظام میں پھنس چکے ہیں جہاں اسرائیل ان کے بنیادی انسانی حقوق کو پامال کررہا ہے۔ فلسطینیوں کو ادنیٰ درجے کے حقوق بھی میسر نہیں ہیں اسرائیلی پابندیوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔
اپنے بیان یں انھوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے بنیادی انسانی حقوق کو کھلے عام پامال کررہا ہے، انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت ہزاروں فلسطینی خواتین ،بچے اور بزرگ بغیر کسی جرم کے صیہونی جیلوں میں قید ہیں ، صیہونی فوج جب چاہے جسے چاہے گھروں میں گھس کر اغواکرلیتی ہے ۔
صیہونی فوج کے ہاتھوں بے گنا ہ نہتے فلسطینیوں کا قتل عام بھی معمول بن گیا ہے فلسطین سے آنے والی خبریں انتہائی مایوس کن ہیں
انہوں نے کہا اسرائیل نے فلسطینیوں پر اندرون اور بیرون ملک سفری پابندیاں عاید کرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے حقوق کی پامالیوں کی ایک لمبی فہرست ہے۔