(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی سیاستدان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ کا تیرا سالوں پر مشتمل طویل اور غیر قانونی محاصرے کو فوری ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق فن لینڈ کے شہر ٹیمپیر سے تعلق رکھنے والی 42 سالہ رکن پارلیمنٹ اینا کونٹالا کو گزشتہ پیر کے روز اسرائیلی فوج نے برطانیہ ،آسٹریااور ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے دیگر کارکنوں سمیت غزہ میں داخل ہونے اور اسرائیل کی جانب سے جاری طویل محاصرے کو توڑنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا اور دس گھنٹوں تک حراست میں رکھنے کے بعد رہا کیا ۔
رہا ہونے کے بعد اپنے جاری بیان میں اینا کونٹالا کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد اسرائیل کی جانب سے غزہ کے طویل اور غیر قانونی محاصرے کو ختم کرنے کی کوشش تھا تاکہ عالمی برادری کو اسرائیلی محاصرے کے باعث پیدا ہونے والے انسانی بحران کا علم ہوسکے ۔
انھوں نے اپنے ملک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طورپر اسرائیل کے ساتھ اسلحہ کی خریدو فروخت کے تمام معاہدے منسوخ کرے کیونکہ اسرائیل مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے ۔