(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ میں بیرون ملک سے آئے 239 فلسطینیوں کا کورونا کے شبےمیں طبی معائنہ کیا گیاتاہم کوئی بھی کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہے۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے وزارت داخلہ کے ترجمان ایادالبزم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نے بتایا کہ منگل کے روز غزہ میں مختلف ممالک سے 239 فلسطینی داخل ہوئے ان تمام افراد کا طبی معائنہ کیا گیا جن کی رپورٹس جاری کردی گئی ہیں تاہم ان میں کوئی بھی عالمی وباء سے متاثر نہیں ہے ۔
انھوں نے بتایا کہ غزہ میں کورونا سے متاثرین کی تشخیص کے لیے ہونے والے علاج اور معائنے میں ترکی کے عطیہ کردہ فرینڈز اسپتال کی طرف سے معاونت فراہم کی گئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے خبردار کیاکہ فی الحال تو غزہ میں حالات قابو میں ہیں تاہم صحت کی صورتحال خراب ہونے اور مزید طبی امداد کی عدم فراہمی کی صورت میں محصور شہر میں صحت کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔