(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں اسرائیل مخالف مظاہروں کی منتظم کمیٹی نے بتایا ہے کہ حق واپسی مارچ اور ریلیوں کو آئندہ تین ماہ کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔
غزہ میں ’’حق واپسی تحریک ‘‘ کی منتظم کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں گزشتہ روز اسرائیل مخالف مظاہرے کو رواں سال کا آخری مظاہرہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل مخالف احتجاجی مظاہرے 30 مارچ 2020ء تک معطل رہیں گے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل مخالف احتجاجی مظاہروں کی تین ماہ کیلئے معطلی کا فیصلہ کئی ہفتوں سے جاری مکالموں اور مباحثوں کے بعد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2018 سےہزاروں فلسطینی مظاہرین اسرائیل کی جانب سے غزہ کی غیر قانونی ناکا بندی، فلسطینی مہاجرین کے حق واپسی اور فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف یہ مظاہرے کرتے ہیں ، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق حق واپسی مظاہروں میں اب تک اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ سے 32 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور 250 سے زائد شہید ہوچکے ہیں ۔