(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی سات اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری نسل کشی کی جنگ میں شہداء کی تعداد بڑھ کر 48,397 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 111,824 تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 9 شہداء (4 شہداء کو ملبے سے نکالا گیا اور 5 نئے شہداء) اور 21 زخمی غزہ کے تباہ شدہ مختلف اسپتالوں میں پہنچے۔
وزارت نے مزید نشاندہی کی کہ متعدد شہداء اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا سڑکوں پر پڑے ہیں، لیکن امدادی ٹیمیں اور سول ڈیفنس اہلکار شدید حملوں کے باعث ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں
حکومتی میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل، اسماعیل الثوابتہ نے بتایا کہ 19 جنوری 2025 کو غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے بعد، اور اس کے پہلے مرحلے کے ہفتے کی شام اختتام تک، اسرائیلی فوج نے 900 سے زائد بار معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں۔
آج صبح بھی غاصب صیہونی افواج کی غزہ پر دہشتگردی جاری رہی صیہونی دشمن نے رفح کے وسطی علاقے میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سے دو فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ خان یونس کے شمال مغربی علاقے المواصی میں اسرائیلی بمباری اور گولیوں کی بوچھاڑ سے 3 افراد زخمی ہوئے۔