(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی ریاست نے غرب اردن پر غیر قانونی تسلط قائم کرنے کیلئے قرب جوار کی صہیونی غیر قانونی بستیوں کو اس سے ملانے کیلئے سڑکوں کی تعمیرات کا شروع کردیا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی یہودی بستیوں اور اس حوالے سے سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے مقامی عہدیدار غسان دگلس نے بتایا کہ صہیونی حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے جنوب میں واقع قصرہ قصبے میں متعدد ایکڑ فلسطینی اراضی کو بلڈوز کردیا تاکہ ایک نئی سڑک تعمیر کی جاسکے۔
اسرائیلی بلدیہ کے بلڈوزروں نے خاص طور پر ایش کودیش چوکی اور مجد الیم آبادکار بستی کو ایک دوسرے سے جوڑنے والی سات کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کرنے کے لئے قصرہ قصبے میں متعدد ایکڑ اراضی کو ہموار کرنا شروع کردیا۔
دغلس کے مطابق ، یہ سڑک مغربی کنارے کے شمال میں واقع تمام بستیوں اور چوکیوں کو وادی اردن کے ساتھ ملائے گی۔قابض اسرائیلی حکومت اور اس کے آباد کاروں نے حال ہی میں وادی اردن اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے کچھ حصوں کو الحاق کرنے کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے منصوبے کے تحت مغربی کنارے میں اپنی آبادکاری کی سرگرمیاں بڑھانا شروع کردی ہیں۔