(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی ریاست کی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ عراق سے ایرانی اسلحہ کی شام منتقلی روکنےکیلئے کیاگیاتھا۔
تفصیلات کے مطابق صیہونی ریاست کی عبرانی نیوز ویب پورٹل ‘واللا’ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے آج صبح عراق کے سرحدی شہر القائم سے خانہ جنگی کا شکار ملک شام میں ایرانی ساختہ اسلحہ پہنچانے والے ایک قافلے پر حملہ کیا ۔
ویب سائٹ کے مطابق یہ حملہ عراق سے ایرانی اسلحہ کی شام منتقلی روکنے کی ایک فوری کوشش تھی۔عراق کے ایک سیکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ سرحدی شہر القائم سے شام کی سرزمین داخل ہونے والے ایک فوجی قافلے کو بمباری میں تباہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فوجی قافلہ جمعرات کی صبح کو عراق سے شام کی طرف روانہ ہوا تھا۔ قافلہ نکلنے کے چند منٹ کےبعد نامعلوم طیاروں نے اس پر بمباری کردی۔