(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) خطیب مسجد اقصیٰ نے کہا ہے کہ عالمی وباکے نام پر مسلمانوں کو قبلہ اول میں نماز کی ادائیگی سے روکنا مکروہ ہتھکنڈے ہیں جبکہ صیہونی آبادکاروں کو حرم قدسی میں دھاووں کی کھلی آزادی اشتعال انگیزی کے سوا کچھ نہیں۔
مسجد اقصیٰ کے خطیب وامام اور فلسطینی سپریم اسلامی کمیٹی کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے صیہونی ریاست کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مسلمانوں پر قبلہ اول میں نماز جمعہ کی پابندی کی سخت مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ صیہونی ریاست عالمی وباء کے نام پر کھلے عام انتقامی کارروائیوں کا مظاہرہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف اپنے مذموم سیاسی عزائم کی تکمیل کی کوشش کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جمعہ کے ایام میں پرانے بیت المقدس شہر کے فلسطینی مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں آنے سے روکنا مذموم اور مکروہ ہتھکنڈہ ہے جبکہ دوسری طرف یہودی آباد کاروں کو حرم قدسی میں دھاووں کی کھلی آزادی انتہاپسندی اور اسرائیلی دشمن کے مذموم سیاسی مقاصد ہیں اور ان کا ہدف بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کو مسلمانوں کے تیسرے مقدس مقام تک رسائی سے روکنا اور یہودی آباد کاروں کو اشتعال انگیزی میں مدد فراہم کرنا ہے۔