(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صیہونی ریاست نے مقبوضہ فلسطین میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے اسرائیل فلسطینیوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی5 ہزار خوراکیں فراہم کرے گا۔
صیہونی ریاست کے ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیردفاع اور سابق آرمی چیف بینی گینٹز کے دفتر سے جاری بیان میں فلسطینیوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کااعلان کیا گیا ہے جس کے تحت اسرائیل مقبوضہ فلسطین کو 5 ہزارخوراکیں فراہم کرے گا۔
اسرائیل دنیا کا واحدملک ہے جہاں سب سے زیادہ تیزی سے اپنے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جارہی ہے ایک رپورٹ کے مطاق اسرائیل میں روزانہ 50 ہزار افراد کو وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے جبکہ فلسطین پر قابض ریاست نے ابھی تک فلسطینیوں کو مہلک وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم نہیں کی ہے حتی کہ ایک وزیر نے میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کو بھی ویکسین فراہم نہیں کی جائے گی تاہم عالمی دباؤ کے باعث اب اسرائیل نے فلسطینیوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن وہ بھی صرف 5 ہزار خوراکیں۔
عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او ) نےمقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے علاقے میں رہائش پذیراسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے مابین روا رکھے جانے والے فرق پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انسانی حقوق کے بین الاقوامی گروپوں اور اقوام متحدہ کےماہرین نے کہا ہےکہ ان علاقوں میں فلسطینیوں کی بہبود کا ذمہ دار اسرائیل ہےجبکہ صیہونی ریاست کاکہنا ہے کہ 1990 کی دہائی میں طے پانے والے عبوری امن معاہدوں کے تحت وہ فلسطینیوں کا ذمہ دار نہیں نیز یہ کہ اسے کسی بھی معاملے میں مدد کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔