(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ میں مزاحمتی قوتوں نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی جانب سے غزہ کو کورونا ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے پر دباؤ ڈالے۔
گذشتہ 14 سالوں سے غیر قانونی محاصرے کا شکار مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں مزاحمتی قوتوں کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مقبوضہ فلسطین کے قومی مسائل اور عالمی وبا کورونا وائرس اور غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف سے غزہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی فراہمی پر پابندی پر غورکیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں مزاحمتی قوتوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ محصور شہر غزہ میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین پہنچانے کیلئے صیہونی ریاست اسرائیل پر دباؤو ڈالے تاکہ اسرائیل غزہ کو ویکسین کی فراہمی میں رکاوٹ کھڑی نہ کرے۔
اجلاس میں فلسطینی قوتوں پر زور دیا کہ وہ قومی اصولوں کی بناء پر اپنی صفوں میں اتحاد کا مظاہرہ کریں اور قضہ فلسطین کو درپیش چلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیےمتحد ہوں۔
اجلاس میں مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں، مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حکام کو مسلط کرنے کی صہیونی سازشوں اور مسجد اقصیٰ کی تقسیم کے مجرمانہ صہیونی عزائم کی مذمت کی گئی۔