(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ چار دہائیوں سے اسرائیلی سیاست میں اہم کردار اداکرنے والے یہودی سیاستدان ابراہم برگ نے یہودیت کو ترک کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونیت اسرائیل کی تباہی کی چابی ہے اسرائیلیوں کے درمیان تیزی سے پھیلتا نسلی امتیاز خطرناک ہے۔
فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل میں گذشتہ چار دہائیوں سے پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہونے والے اور اہم سیاستدان ابراہم برگ جو مختلف حکومتوں میں تین بار وزیر بھی رہ چکے ہیں نے اسرائیل میں تیزی سے پھیلتے نسلی امتیاز کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا یہ خیال ہے کہ وہ یہودی حکومت ہے اور یہی اس کی تباہی کی چابی ہے۔
ابراہم برگ نے کہا کہ صیہونیزم کو اسرائیل کے قیام کے بعد فورا ختم کر دینا چاہئے تھا، صیہونی انقلاب دم توڑ چکا ہے اور اسرائیل میں نسلی امتیاز تباہ کن ہے جو آہستہ آہستہ اسرائیل کی سلامتی کیلئے بھی خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ ابراہم برگ نے کچھ ہفتے قبل بیت المقدس کی عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ وزارت داخلہ میں یہودی کی حیثیت سے ان کے رجسٹرڈکو کینسل کیا جائے کیونکہ اب انہیں نہيں لگتا کہ یہودی نسل سے کسی طرح کا ان کا تعلق رہ گیا ہے۔