(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کا کہنا ہے کہ قانون ساز کونسل کے امیدوار کی گرفتاری کے بعد ان کے بیٹوں کی بےجا گرفتاری اس بات کی دلیل ہے کہ اسرائیل فلسطین میں انتخابات کو ناکام بنانے کی بھرپور کوششیں کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلا می مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے قابض صیہونی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ بیت المقدس میں جماعت کی جانب سے فلسطینی انتخابات میں قانون ساز کونسل کے امیدوار حسن الوردیان کی گرفتاری کے بعد ان کے بیٹوں محمود اور عصید کو بھی گھر میں گھس کر بغیر کسی جرم کے گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاریاں واضح دلیل ہیں کہ صیہونی ریاست فلسطین میں انتخابات کو ناکام بنانے کی بھرپور کوششیں کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی رہنماؤں کی گرفتاری فلسطینی انتخابات میں صریح مداخلت ہے جو اسرائیل کے مذموم مقاصد میں ناکامی کی عکاسی کرتی ہے، تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ صیہونی فوج کی جانب سے گرفتاریوں سے فلسطینی عوام کو کبھی خوف زدہ نہں کیا جا سکتا اور نہ ہی وہ جمہوری عمل میں حصہ لینے سےا نہیں روک سکیں گے۔