(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینی باشندوں پر زندگی مشکل سے مشکل کرنے کے اقدمات میں گزشتہ پانچ سالوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، انتظامی حراست کے قانون کے تحت گرفتاریاں جاری جبکہ بغیر کسی جرم اور مقدمے کے فلسطینی نوجوانوں کو اغواء کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کرنا بھی معمول بن گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ بیت المقد س کے شہر الخلیل کے مشرقی علاقے راواس کے علاقے میں صیہونی فوج نے فوجی چیک پوسٹ کے قریب عمر البارود کو روکا اور تھوڑی دیر بعد اس پر تشدد کرنے کے بعد اس کو اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فلسطینی نوجوان اپنے کالج سے واپس آرہا تھا اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے اس کو تلاشی کیلئے روکا اور بلا جواز تشدد کا نشانہ بنایا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج کی جانب سے نوجوان کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں