(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی فوج کے خلاف فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے مزاحمتی کارروائیاں جاری ہیں گزشتہ ہفتے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کےدرمیان 18 مقامات پر تصادم ہوا جس میں صیہونی فوج کی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے تین فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ متعدد کو گرفتارکیا گیا ہے۔
صیہونی فوج کی فائرنگ کے جواب میں فلسطینیوں کی طرف سے قابض فوج پر آتش گیر گولے، پٹرول بم اور فائرنگ سمیت دیگر مزاحمتی طریقے اپنائے۔
جزیرہ النقب کے ایک فوجی اڈے پر ایک فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوگئے ۔
گزشتہ جمعہ کوشمال مشرقی القدس کے علاقے العیساویہ میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔ فلسطینی شہریوں کی طرف سے قابض فوج پر پٹرول بموں سے حملہ کیا گیا۔جمعہ کے روز چار، بدھ، کو چار، منگل کو دو، سوموار کو پانچ، اتوار کوایک اور ہفتے کو دو مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔جن مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا ان میں قلقیلیہ کا کفر قدو، الخلیل کا التوانی، شعفاط کیمپ، القدس میں العیساویہ، شمالی القدس کا قلندیا کیمپ، رام اللہ میں یمونیم کالونی اور قلقیلیہ میں النقار کالونی کے مقامات شامل ہیں۔