(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض ریاست کی بحریہ نے فلسطینی ماہی گیروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اسرائیل کی مقرر کردہ سمندری حدود میں رہتے ہوئے مچھلیوں کا شکار کررہے تھے۔
غزہ فشر فورم کے چیئر مین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ فلسطینی ماہی گیر شمالی غزہ کے ساحل پر قابض ریاست کی جانب سے مقررکردہ سمندری حدود میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف تھے اس دوران اسرائیلی بحریہ نے انھیں چاروں جانب سے گھیرکر فائرنگ کا نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں ایک کشتی تباہ ہوگئی تاہم کسی ماہی گیرکے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاعات نہیں ملی ۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کی بیس لاکھ کی آبادی میں سے لاکھوں افراد غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزار رہے ہیں جبکہ ماہی گیری کے پیشے سے وابستہ ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد اسرائیلی کی انتقامی کارروائیوں کے باعث کسمپرسی کی حالت میں ہیں ۔
اسرائیلی نیوی ماہی گیروں کو اپنی ہی مقررکردہ سمندری حدود میں فائرنگ کا نشانہ بناتی ہے جس کے باعث اب تک ایک سال کے دوران 14 ماہی گیرشہیددرجنوں زخمی اور متعدد کشتیاں تباہ ہوچکی ہیں۔