(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کا ایک ڈرون بحفاظت اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور ایک ڈرون طیارے کو مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
قابض صیہونی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایاگیا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے لبنانی اور اسرائیل کے سرحدی علاقے میں حزب اللہ کی جانب سے بھیجا گیا ایک ڈرون طیارہ بحفاظت اتار کر اپنے قبضےمیں لے لیا ہے جبکہ دوسرے ڈرون طیارے کو مار گرایا ہے۔
صیہونی فوج کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا تاہم صیہونی ریاست کے وزیر دفاع اور سابق آرمی چیف بینی گینٹز کا کہنا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ لبنانی گروہ حزب اللہ اگر اسرائیل کے خلاف کارروائی کرتا ہے تو اسے "بھاری نتائج” بھگتنا پڑیں گے۔
انھوں نے کہا ہے کہ "ہم حزب اللہ کی جانب سے کارروائیوں کی کوششوں سے واقف ہیں اور اس سے مؤثر انداز میں نمٹیں گے،” انھوں نے کہا ہے کہ اگر حزب اللہ نے اسرائیل کی سلامتی کو چیلنج کیا تو اسے اس کا بہت بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا اور میں امید کرتا ہوں کہ حزب اللہ ایسی غلطی نہیں کرے گی۔