(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی فوج نے فلسطینی خاندان کے گھر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کردیا ، خواتین اور بچوں پر مشتمل خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزار نے پر مجبور ہوگیا ۔
قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں دوما کے مقام پر ایک فضل ابو علیا کے مکان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کر دیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت تمام افراد سخت سردی میں کھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
فضل ابو علیا نے بتایا کہ قابض صیہونی فوج نے ان کو گھر کا سامان بھی نکالنے کی اجازت نہیں دی ، فوجی بلڈوزروں کی مدد سے سامان سمیت گھر کو مسمار کردیا
قابض صیہونی فوج نابلس میں عین الرشاش اور خربہ جبعیت کے مقامات پر بھی فلسطینی باشندوں کے عارضی گھروں کو مسمار کردیا جبکہ ان کے سامان کو بھی ضبط کرلیا ۔
واضح رہے کہ دونوں مقامات قابض صہیونی فوج کی بار بار جارحیت کا سامنا کرچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج ان علاقوں میں بسنے والے فلسطینیوں کے کچے مکانات اور شیلٹرز مسمار کردیتی ہے جس کے نتیجے میں وہ کھلے آسمان کے نیچے زندگی بسر کرنے پرمجبور ہوجاتے ہیں۔