(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج کے وحشیانہ تشدد کے دوران اشکیلون جیل کے فلسطینی قیدی کی حالت بگڑنے کے باعث کورونا وائرس کا تشخیصی ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں موجودہ اور سابق قیدیوں سے متعلق امور کمیٹی برائے اسیران کی جانب سےگذشتہ روز بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق رام اللہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی قیدی وفا شالابی اسیری کےدوران کورونا وائرس میںمبتلا ہوگئے ہیں۔
کمیٹی برائے اسیران کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے قیدی شالابی کو کئی روز قبل بے بنیاد الزامات کی پاداش میں گرفتارکیا تھااوراب انہیں مزید تفتیش کے بہانے صہیونی جیل اشکیلون میں گیارہ روز سےجبری نظر بندی میں مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا تاہم شالابی کی حالت بگڑنے کے باعث ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کرایا گیا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
واضح رہے کہ قابض صہیونی غیر قانونی قید کے تحت حراست میں لیے گئے فلسطینی باشندوں کو جیل انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی طبی سہولیات سے محروم رکھا جاتا ہے اس صورت حال میں وفا شالابی جیسے ہزاروں بے گناہ فلسطینی قیدیوں کو عالمی وبا کورونا کے باعث صحت کےشدید خطرات لاحق ہیں۔