(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے پیش کردہ امن منصوبے کے تحت فلسطین کا دارالحکومت بیت المقدس کا نواحی علاقہ ہوگا۔
گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نےبتایا کہ امریکا بیت المقدس کو اسرائیل کا غیر منقسم دارالحکومت تسلیم کرتا ہے اور امریکی صدر اس بات کا اعلان بھی کرچکے ہیں کہ "غیر منقسم بیت المقدس اسرائیل کا دارالحکومت ہے”۔
انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کے پیش کردہ امن منصوبے صدی کی ڈیل کے تحت دوریاستی حل کیلئے آمادہ ہیں تاہم مجوزہ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس کے مضافاتی علاقے "ابو دیس "میں ہو گا
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا نام نہاد امن منصوبہ "صدی کی ڈیل "اسرائیلی وزیراعظم کو پیش کیا تھاجس میں "دو ریاستی” حل کی بنیاد پر تمام نکات اسرائیل کے مفاد میں ہیں جبکہ فلسطینیوں نے اس منصوبے کو سرکاری طور پر مسترد کر دیا ہے۔