(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) رواں سال شرپسند صہیونی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج اور پولیس کے تحفظ میں فلسطینی آبادیوں پر 50 سے زائد حملے کئے جس میں خواتین اور بچوں سمیت 45 سے زائد فلسطینی زخمی جبکہ درجنوں گھرں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ شرپسند صہیونی آباد کاروں کے ایک مسلح گروپ نے سلفیت کے مغرب میں واقع فلسطینی گاؤں بدیہ میں
خلعت حسن کے علاقے میں فلسطینی خاندانوں پر حملہ کیا اور ان پر فائرنگ کردی جس سے دو نوجوان زخمی ہوگئے۔
فلسطینی اتھارٹی کی وزارت صحت نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں سے ایک پیٹ اور دوسرا کندھے میں گولی لگنے سے زخمی ہوا ، دونوں زخمیوں کو درمیانے درجے کے ذخم آئے۔ان دونوں کو فی الحال مزید نگہداشت اور علاج کے لئے مقامی اسپتال میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے مشرقی وسطیٰ کیلئے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبہ صدی کی ڈیل کے اعلان کے بعد سے صہیونی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔