(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) کویت نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف سنگین جنگی جرائم کے مرتکب ہونے پر اسرائیل کے احتساب کے عمل کو تیز کرنے اور مسلسل ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 46 ویں اجلاس میں پیش کردہ رپورٹ میں اقوام متحدہ میں خلیجی ملک کویت کے مستقل نمائندے سفیر جمال الغنیم کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کویت معصوم فلسطینی عوام کے خلاف قابض صیہونی ریاست کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی سرقہ خلاف ورزیوں کی مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے بشمول مشرقی بیت المقدس پر قابل اطلاق انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں اور دفعات کا احترام یقینی بنایا جائے۔
کویت کے سفیر نے فلسطینی عوام کے خلاف قابض ریاست کی بار بار ہونے والی جارحانہ کارروائیوں اور خلاف ورزیوں کی سنگینی کی نشاندہی کی اور کہا کہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم ناقابل قبول ہیں۔