(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کا کہنا ہے کہ سعودی عرب دو سال سے بغیر کسی جرم کے قید فلسطینیوں کو انصاف اور قانون پرعمل درآمد کرتے ہوئے فوری رہا کرے۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگری کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ترجمان نے ایک بار پھر سعودی عرب سے زیرحراست فلسطینیوں بالخصوص بزرگ حماس رہ نما ڈاکٹر محمد الخضری اور ان کے بیٹے انجینیر ہانی الخضری کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے بزرگ رہنما ڈاکٹر الخضری اور ان کے صاحبزادے ہانی الخضری سمیت درجنوں فلسطینیوں کی سعودی عرب میں دو سال سے زاید عرصے سے بغیر کسی جرم کے قید کا کوئی جواز نہیں، اب وقت آگیا ہے کہ سعودی عرب انصاف اور قانون پرعمل درآمد کرتے ہوئے حراست میں لیے فلسطینیوںکو فوری رہا کرے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے مملکت کی خدمت کرنے والے فلسطینیوں کی عزت وتکریم کے بجائے انہیں گرفتار کرکے اذیتیں دینے کا ظالمانہ سلسلہ شروع کر رکھا ہے، گرفتار فلسطینیوں کا کوئی جرم بھی نہیں اور انہوں نے سعودی عرب کے کسی قانون کی خلاف روزی نہیں کی ہے۔
فوزی برھوم نے سعودی عرب پر زور دیا کہ وہ ماہ صیام کے موقع پر حراست میں لیے تمام فلسطینیوں کو فوری رہا کرے اور اسیران کو ان کے اہل خانہ سے ملنے کا موقع فراہم کیا جائے۔