(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مسجد اقصٰی کوبے حرمتی سے بچانے کے لیے اورصہیونی شرپسندوں کے ہاتھوں مقدس مقامات کے تقدس کی حفاظت کے دوران فلسطینی مسلمانوں اور شر پسند صہیونیوں کے درمیان تصادم میں درجنوں فلسطینی حراست میں لے لیے گئے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں قابض فوج کی سر پرستی میں صہیونی شر پسند یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصٰی پرایک مرتبہ پھر دھاوا بولا گیا جس کے نتیجے میں کئی یہودی آباد کارتلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مسجد اقصی میں داخل ہوئے اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کی۔
عینی شاہدین کے مطابق مسجد اقصی کے پہرے داروں نے یہودیوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی جس کے باعث صہیونی فوج اور پولیس اہلکاروں نے ان پر تشدد کیا اور یہودی آبادکاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی۔
اسرائیلی پولیس نے بھی فلسطینی محافظوں کو پیچھے دھکیل دیا اور یہودی آباد کاروں کو آزادی کے ساتھ مسجد میں گھومنے کی اجازت دی گئی۔یہودی آباد کاروں کی قبلہ اول پر یلغارکے وقت فلسطینیوں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصی میں جمع ہوگئی اور یہودیوں کی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کی کوشش میں فلسطینی مسلمانوں اور آبادکاروں کے مابین پر تشدد جھڑپیں شروع ہوگئیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہویے قابض فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ۔