(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں سے متعدد کو شام کے فضائی دفاعی نظام نے فضامیں تباہ کردیا لیکن بہت سے میزائل اپنے اہداف پر گرے ہیں جس سے مالی نقصان بھی ہوا ہے۔
برطانیہ میں قائم برطانوی مبصر تنظیم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نےگذشتہ روزاطلاع دی ہے کہ صیہونی فوج نے شام کے دارالحکومت دمشق کے گردونواح میں اسلحہ کے ڈپوؤں اور میزائل گوداموں سمیت دیگر فوجی تنصیبات پرمتعددفضائی حملے کیئے جن میں شامی صدر بشارالاسد کے حامی ایران نواز ملیشیا کے نو جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونےوالے تمام جنگجو غیرعرب ہیں، جن کی مماثلت ایشائی ہے۔
شام کے سرکاری میڈیا نے بھی ان میزائل حملوں کی اطلاع دی ہے لیکن کہا ہے کہ شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے بشتر میزائلوں کو روک لیا ہے اور ناکارہ بنا دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ان رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس حوالے سے کوئی بات نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ شام میں 2011ء کے اوائل میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوج نے شام میں سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں ان میں شامی فوج ، ایران نواز ملیشیاؤں اور لبنانی حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گائ ہے۔