(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی انتظامیہ کے مذاکراتی امور کے سربراہ کا کہنا ہے کہ قابض صیہونی حکام کا خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام سے انکار بین الاقوامی قوانین سے انحراف اور اقوام متحدہ کی قرارد ادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری جنرل اور فلسطینی انتظامیہ کے مذاکراتی امور کے سربراہ صائب عريقات نے خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خودمختار فلسطینی ریاست حق اور القدس کی حفاظت ہمارا فرض ہے ۔
انھوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبہ صدی کی ڈیل فلسطینیوں کے حقوق پر ڈاکہ ہے ، انھوں نے غرب اردن کی تیس فیصد اراضی کواسرائیل میں ضم کرنے کے فیصلے پر کہا ہے کہ یہ الحاق فلسطینیوں کے ساتھ امریکا کے نام نہاد امن منصوبے کا پہلا دھوکہ ہے جس میں پورا بیت المقدس ، غرب اردن میں موجود کالونیاں، صیہونی حکومت کے قبضے میں دے دی گئی ہیں اور پناہ گزیں فلسطینیوں کی وطن واپسی کا موضوع بھی نظرانداز کردیا گیا ہے۔