(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے رہنما محمد نزال نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب میں قید حماس کے رہنما ماھر صلاح کی رہائی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد عمل میں آئی تھی۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے خارجہ امور کے سربراہ محمد نزال نے حماس کے ایک وفد کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2017 میں حماس کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل کی سربراہی میں ایک وفد نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان جو اس وقت نائب ولی عہد تھے ان سےملاقات کی تھی ، اس ملاقات میں بعض اہم امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ اہم فیصلے کیئے گئے تھے جبکہ سعودی عرب میں ساتھیوں سمیت قید حماس کے رہنما ماھر صلاح کی رہائی بھی اس ملاقات کے بعد عمل میں آئی تھی ۔
واضح رہے کہ محمد بن سلمان اپریل 2015ء سے 21 جون 2017ء تک نائب ولی عہد رہے جس کے بعد اس وقت کے ولی عہد شہزادہ نائف بن عبدالعزیز کو معزول کرکے محمد بن سلمان کو ولی عہد بنا دیا گیا تھا۔