(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو بلاجواز گرفتار کرنے اور انتظامی قید جیسے کالے قانون کے تحت جیل میں محبوس رکھنے کے سلسلے میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔گزشتہ ماہ 100 کے قریب فلسطینیوں کوصہیونی حکام کی جانب سے انتظامی قید کے تحت گرفتار کر کے قیدمیں رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
فلسطین کمیشن برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں اسرائیلی حکام نے 100 فلسطینی شہریوں کو انتظامی قید کے تحت جیل میں رکھنے کے احکامات جاری کیے اور ان میں وہ اسیران بھی شامل تھے جو پہلے سے ہی انتظامی قید کے تحت اسرائیلی جیلوں میں محبوس تھے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ متعدد فلسطینی قیدی جو گزشتہ چھ ماہ سے انتظامی قید میں تھے ،جولائی میں انکی سزا کی مدت ختم ہونے پر اسرائیلی حکام نے انکی سزا کی مدت میں اضافہ کرتے ہوئے انکی رہائی روکنے کے احکامات جاری کردیئے۔جس کے باعث وہ واپس اپنے گھروں کو نہ لوٹ سکیں گے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مختلف اسرائیلی جیلوں میں 530 کے قریب ایسے فلسطینی قیدی اسیری کی زندگی گزار رہے ہیں جو کہ انتظامی حراست کے تحت گرفتار کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ انتظامی قید کے تحت فلسطینیوں کو صرف شک کی بنیاد پر گرفتار کیا جاتا ہے اور ان پر نہ کوئی مقدمہ چلایا جاتا ہے نہ ان کے خلاف کوئی ثبوت مہیا کیا جاتا ہے بلکہ بلاجواز ان کو طویل عرصے کے لیے اسرائیلی جیلوں میں محبوس کر دیا جاتا ہے۔